دھونی ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش

ملبورن۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ملبورن ٹسٹ کے پانچویں دن کھیل کے اختتام کے فوراً بعد ٹسٹ کرکٹ سے اپنی سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ تمام طرز کی کرکٹ میں شرکت سے ان پر دباؤ بن رہا ہے۔ دھونی نے واضح کیا ہے کہ ونڈے اور ٹوئنٹی 20 میں ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے۔ ملبورن ٹسٹ کے بعد میڈیا نمائندوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے حیران کن سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔ 33 سالہ دھونی نے مقابلے کے بعد سبکدوشی کا اعلان کیا ہے تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے ان پر سبکدوشی کیلئے دباؤ کا اشارہ بھی ملا ہے حالانکہ بی سی سی آئی نے اسے کپتان کا اپنا فیصلہ قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب دھونی فوری طور پر ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہوچکے ہیں اور

اب آسٹریلیا کے خلاف رواں سیریز کے چوتھے ٹسٹ میں ویراٹ کوہلی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ دھونی 2008 ء میں راہول ڈراویڈ کے جانشین بنے تھے جس کے بعد سے انہوں نے 60 مقابلوں میں ٹیم کی قیادت کی ہے لیکن بیرون ملک ان کی کپتانی کا ریکارڈ انتہائی مایوس کن رہا جیسا کہ 2011 ء انگلینڈ کے خلاف 0-4 ، 2011-12ء آسٹریلیا کے خلاف 0-4 کا مکمل صفایا کے علاوہ جنوبی افریقہ ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں پر رواں سیزن ناکامیاں بھی درج ہیں۔2005ء چینائی میں سری لنکا کے خلاف ٹسٹ کریر کا آغاز کرنے والے دھونی نے 90 ٹسٹ کھیلے ہیں جس میں 38.09 کی اوسط سے 33 نصف سنچریوں اور 6 سنچریوں کے ہمراہ 4,876 رنز بنائے ہیں۔ وکٹوں کے پیچھے انہوں نے 256 کیچ اور 38 اسٹمپس بھی کئے ہیں۔ 60 ٹسٹ مقابلوں میں دھونی نے جو قیادت کی اس میں ہندوستان کو 27 فتوحات ، 18 ناکامیاں اور 15 مقابلے ڈرا کرنے پڑے۔