دھونی نے T20 ناکامی کی ذمے داری قبول کرلی

برمنگھم ، 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے انگلینڈ کے مقابل واحد ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں اپنی ٹیم کی تین رنز کے معمولی فرق سے ناکامی کی ذمے داری اپنے سر لے لی ہے جبکہ وہ آخری اوور میں کامیابی کے حصول میں ناکام رہے۔ ہندوستان کیلئے 181 رنز کا ٹارگٹ تھا لیکن وہ صرف 177/5 اسکور کرپائے حالانکہ ویراٹ کوہلی نے اس انگلش ٹور کی اپنی پہلی ہاف سنچری بنائی۔ ’’17 رنز 6 گیندوں میں حاصل کرنا ہمیشہ ہی مشکل ہوتا ہے،‘‘ دھونی نے 27 رنز پر ناٹ آؤٹ رہنے کے بعد یہ بات کہی۔ انھوں نے مزید کہا، ’’مجھے پہلی گیند پر باؤنڈری حاصل ہوگئی۔ دباؤ تو تھا لیکن مزید دو گیندیں رہیں جنھیں میں اچھا مار سکتا تھا۔ بس ایسا دن رہا کہ میں ٹھیک سے بڑے شاٹ نہیں لگا پایا۔ گیند میرے بیاٹ کے نچلے حصے کو لگ رہی تھی۔ آپ کو (ایسے موقع پر) ذمے داری بھی قبول کرنی پڑتی ہے‘‘۔ وکٹ کی دوسری جانب امباٹی رائیڈو کھڑے تھے لیکن ہندوستانی کپتان نے سب کچھ خود ہی انجام دینے کی ٹھان رکھی تھی۔ اس بارے میں دھونی نے کہا، ’’رائیڈو کچھ ہی دیر قبل بیٹنگ کیلئے آئے تھے۔ وہ چھ یا سات نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے فوری بڑے شاٹ مارنے والے بیٹسمن نہیں۔ وہ کئی گیندوں کو اچھا نہیں کھیل پائے۔ اسی لئے میں نے اسٹرائیک سنبھالے رکھی۔ لیکن یہ چیز کارگر نہ ہوئی‘‘۔
انگلش کرکٹرس کے رویہ پر تبصرہ سے دھونی کا گریز
انگلینڈ کے طویل ٹور کے اختتام پر کسی تنازعہ میں پھنسنے سے گریز کی ایک کوشش کے طور پر ہندوستانی کپتان دھونی نے انگلش کرکٹرس اور خاص طور پر اسپنر معین علی کے رویہ پر کسی طرح کے ریمارکس سے انکار کیا۔ ہندوستانی ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کا کل اختتام ہوا جب اسے انگلینڈ کے خلاف واحد ٹوئنٹی 20 میں شکست ہوئی ۔ اس میچ میں انگلش کرکٹرس نے شائقین کے ساتھ مل کر بہت زیادہ چیخ و پکار کی۔ خاص طور پر معین نے ایسا کیا اور انہوں نے میچ کے دوران شائقین سے انگلش ٹیم کیلئے تائید طلب کی تھی ۔