!دھونی نے ہندوستان میں اپنا آخری مقابلہ کھیل لیا

رانچی۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہیندر سنگھ دھونی کو آسٹریلیا کے خلاف رواں سیریز کے مابقی دو مقابلوں کیلئے آرام دیا گیا ہے جس سے گمان کیا جارہا ہے کہ شاید دھونی نے ہندوستانی سرزمین پر شاندار کریر کا آخری مقابلہ کھیل لیا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ سنجے بنگر نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیریز کے دیگر دو مقابلوں کیلئے ٹیم میں چند ایک تبدیلیاں کی گئی ہیں جس میں دھونی کو آرام دیتے ہوئے ان کے مقام پر ریشپھ پنت کو موقع دیا گیا ہے۔ دھونی کو آرام دیئے جانے کے بعد اب یہ گمان کیا جارہا ہے چونکہ اکتوبر تک ہندوستانی سرزمین پر کوئی مقابلہ نہیں ہے لہذا دھونی نے شاید اپنے کریر کا آخری مقابلہ اپنے آبائی شہر رانچی میں کھیل لیا ہے۔ دریں اثناء جھارکھنڈ کرکٹ اسوسی ایشن کا ماننا ہے کہ آئندہ سیزن میں یہاں ایک مقابلہ کھیلا جانا ہے اور امید ہے کہ وہ مقابلہ دھونی کے کریر کا وداعی مقابلہ ہوگا۔