5 گھنٹوں کی تلاش کے بعد من چاہا بیاٹس دستیاب
میرٹھ ۔ 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے آسٹریلیا کے دورہ میں بہتر مظاہرہ کی تیاری کا آغاز کردیا ہے جس کے لئے انہوں نے وہاں کی اچھال لیتی وکٹوں پر بہتر مظاہرہ کیلئے موزوں بیاٹ کا انتخاب بھی کرلیا ہے۔ دھونی جوکہ سری لنکا کے خلاف منعقدہ 5 ونڈے مقابلوں کی سیریز میں شرکت سے محروم ہوئے ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف 4 ڈسمبر کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میں بھی وہ شرکت نہیں کر پائیں گے جبکہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان 12 ڈسمبر کو ایڈیلیڈ میں منعقد شدنی مقابلہ میں وہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ دریں اثناء دھونی نے یہاں شہر کی ایک معروف کمپنی پہنچ کر یہاں تقریباً 5 گھنٹے صرف کرتے ہوئے مناسب بیاٹوں کا انتخاب کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے بموجب دھونی نے 1260 گرام وزن کے 6 مختلف بیاٹس خریدے ہیں۔ کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین نے انکشاف کیا ہیکہ دھونی صرف بیاٹوں کی شکل و صورت ہی نہیں بلکہ لکڑی کے انتخاب میں بھی کافی محتاط نظر آئے کیونکہ وہ آسٹریلیا کی اچھال لیتی وکٹوں پر بہتر مظاہرہ کے خواہاں ہے۔ سرین اسپورٹس انڈسٹریز (ایس ایس) کے صدر جتن سرین نے کہا ہیکہ دھونی کی یہاں آمد خالص شخصی تھی۔ یہی وجہ ہیکہ انہوں نے میڈیا نمائندوں کو مطلع نہیں کیا اور نہ ہی میڈیا کی کسی ایجنسی کو اطلاع دی گئی کیونکہ دھونی اپنی سرگرمی کو مخفی رکھنا چاہتے تھے۔ دلچسپ حقیقت یہ بھی ہیکہ 2011ء میں بھی ورلڈ کپ سے وہ یہاں پہنچے تھے۔