دھونی مسرور، کک کا سبکدوشی سے انکار

برمنگھم ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹسٹ سیریز میں شرمناک شکست کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی پر شدید تنقید کی جارہی تھی لیکن ونڈے سیریز میں میزبان انگلینڈ کے خلاف کامیابی نے دھونی کو ونڈے میں سب سے زیادہ کامیابی دلوانے والے کپتان محمد اظہرالدین کو پیچھے چھوڑنے کا موقع فراہم کیا ہے جس پر دھونی کافی مسرور ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں کامیابی کے بعد دھونی نے اسے ٹیم کی مجموعی کاوش کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں 1-3 کی شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم نے 5 ونڈے مقابلوں کی سیریز میں گزشتہ روز کھیلے گئے چوتھے مقابلہ میں 9 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے محدود اوورس کی رواں سیریز 3-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے اور سیریز میں کامیابی بھی حاصل کرلی ہے۔اس کامیابی کے ساتھ دھونی ہندوستان کو 91 مقابلوں میں فتوحات دلوانے والے کپتان بن چکے ہیں۔ ریکارڈ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے دھونی نے کہا کہ کھیل میں نشیب و فراز آتے ہیں لیکن میں ان سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میرے ساتھ کھیلنے کے علاوہ فتوحات میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ دوسری جانب انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کک پر ونڈے سیریز میں شرمناک شکست کے بعد شدید تنقیدیں کی جارہی ہیں لیکن انہوں نے واضح کردیا ہے کہ ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز میں شکست کے باوجود وہ قیادت سے سبکدوش نہیں ہورہے ہیں۔ہندوستان کے خلاف گزشتہ مقابلہ میں ناکامی اور سیریز میں 0-3 کے خسارے کے بعد جب کک سے استفسار کیا گیا کہ کیا وہ ورلڈکپ کے تناظر میں انگلش ٹیم کی ونڈے قیادت سے سبکدوش ہورہے ہیںتو اس کے جواب میں کک نے کہا کہ وہ قیادت سے سبکدوش نہیں ہورہے ہیں۔