ممبئی۔ 24 دسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ایم ایس کے پرساد نے کچھ وقت پہلے کہا تھا کہ وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کو 2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شمولیت کیلئے کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہو گی لیکن اب ان کا خیال ہے کہ دھونی دنیا کے نمبر ایک وکٹ کیپر ہیں اور وہ ورلڈ کپ تک ٹیم کا حصہ رہیں گے ۔پرساد نے جنوبی افریقہ کے دورے کیلئے ون ڈے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ دھونی ہی اگلے ورلڈ کپ کیلئے پہلی پسند ہیں ۔ چیف سلیکٹر کی ان باتوں سے صاف ہے کہ انہیں کوئی بھی ایسا وکٹ کیپر نہیں دکھائی دے رہا ہے جو دھونی کے ارد گرد ہو۔دھونی نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز اور ٹوئنٹی 20 میچوں میں کمال کا مظاہرہ کیا ہے ۔وہ نہ صرف بلے بازی سے بلکہ وکٹ کے پیچھے اپنی کارکردگی سے نوجوان وکٹ کیپرز کو مات دے رہے ہیں۔وکٹ کیپرز کے سلسلے میں اور خاص طور پر دھونی کے بارے میں پرساد نے کہاکہ ہم ہندستان اے کے دورے سے کچھ وکٹ کیپرز کو تیار کر رہے ہیں لیکن ہم نے 2019 کے عالمی کپ تک دھونی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔دھونی اب بھی عالمی نمبر ایک وکٹ کیپر ہیں ۔ پرساد کا کہنا ہے کہ ہندستانی کرکٹ ہی کیا ورلڈ کرکٹ میں بھی دھونی کے ارد گرد کوئی کیپر نہیں ہے ۔پرساد نے واضح کیا کہ جن نوجوان وکٹ کیپرز کو موقع دیا گیا ہے ان میں سے کوئی بھی دھونی کے قریب تک نہیں پہنچتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نوجوان وکٹ کیپرز کو ہندستان اے دورے کی ٹیم میں جگہ دیں گے اور دیکھیں گے کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بناپاتے ہیں یا نہیں۔