ویلنگٹن ۔ 31 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے آج یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف منعقدہ 5 ویں ونڈے میں اپنے کیریئر کے 8 ہزار رنز مکمل کرلئے ہیں۔ ونڈے میں تیزی سے 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے دھونی دنیا کے چوتھے بیٹسمین ہیں۔ 32 سالہ دھونی نے یہ اعزاز مقابلے کے 26 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ ونڈے کیریئر میں تیزی سے 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے دیگر 3 کھلاڑیوں میں ہندوستانی ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر، سابق کپتان سورو گنگولی اور ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بیٹسمین برائین لارا اس اعزاز میں دھونی سے آگے ہیں چونکہ دھونی نے یہ اعزاز 214 ویں اننگز میں حاصل کیا ہے۔