دھونی اور یوراج کا مستقبل ڈراویڈ کی رائے پر منحصر؟

قومی سلیکٹروں کے چیرمین ایم ایس کے پرساد نے حالیہ انٹرویو میں کئی سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کے علاوہ کرون نائر ، پارتھیو پٹیل کے متعلق بھی اہم موضوعات پر اظہار خیال کیا ہے جس سے 2019 ء ورلڈکپ کی تیاری کا اندازہ ہوتا ہے۔

ممبئی 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین کپتان مہندرسنگھ دھونی اور سینئر آل راؤنڈر یوراج سنگھ کا مستقبل سابق کپتان اور انڈر 19 ٹیم کے کوچ راہول ڈراویڈ کی رائے پر منحصر دکھائی دے رہا ہے جیسا کہ قومی سلیکٹرس کے چیرمین کے عہدہ پر ایک سال مکمل کرنے والے ایم ایس کے پرساد نے آج اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں اشارہ دیا ہے کہ کئی سینئر کھلاڑی جن میں گوتم گمبھیر، پارتھیو پٹیل، دنیش کارتک، ابھینئے مکند اور یوراج سنگھ نے کامیابی واپسی کی ہے لیکن چونکہ 2019 ء ورلڈکپ میں 2 سال کا عرصہ بھی نہیں ہے لہذا مستقبل کی منصوبہ بندی کے تحت نہ صرف انڈر 19 ٹیم کے کوچ راہول ڈراویڈ سے حاصل ہونے والی تفصیلات کو اہمیت دی جارہی ہے بلکہ دھونی اور یوراج جو اپنی عمر کی 35 بہاریں دیکھنے کے قریب پہونچ چکے ہیں ان کے متعلق بھی فیصلہ لیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ دیانتداری سے کہا جائے تو جونیر کمیٹی سے کہیں زیادہ راہول ڈراویڈ سے رابطے میں ہیں تاکہ جونیر سطح پر باصلاحیت کھلاڑیوں کے مظاہروں سے مکمل آگہی حاصل رہے۔ انھوں نے کئی اہم کھلاڑیوں سے مسلسل رابطے اور مستقبل کے فیصلوں کے متعلق کی جانے والی سرگرمیوں کے ضمن میں کہاکہ کرون نیئر، پارتھیو پٹیل جیسے کھلاڑیوں کو نہ صرف دورۂ سری لنکا میں ان کی کارکردگی بلکہ مستقبل میں ان کے متعلق کئے جانے والے فیصلوں سے آگاہ کیا جارہا ہے۔ چیرمین آف نیشنل سلیکٹر پرساد کے انٹرویو کا ماحصل یہ لیا جارہا ہے کہ دھونی اور یوراج سنگھ کے متعلق 2019 ء ورلڈکپ کے ضمن میں نہ صرف اہم فیصلہ لیا جائے گا بلکہ چند نوجوان کھلاڑیوں کے مظاہروں پر ابھی سے نظریں مرکوز کی جاچکی ہیں تاکہ انھیں ورلڈکپ کی ٹیم کا حصہ بنایا جاسکے۔ پرساد کے بموجب راہول ڈراویڈ سے رابطے میں رہنے کے علاوہ ٹیم انتظامیہ سے بھی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اگلے مرحلے کے لئے تیار رکھا جاسکے۔ آندھرا سے تعلق رکھنے والے پرساد نے رابطے کی اہمیت کے ضمن میں کہاکہ کھلاڑیوں سے مسلسل تبادلہ خیال کیا جارہا ہے تاکہ انھیں بھی مستقبل کا اندازہ ہوسکے۔