دھونی اور راہول کی سنچریاں، بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان کامیاب

کارڈف۔29 مئی (سیاست ڈاٹ کام )مہندرا سنگھ دھونی اور لوکیش راہول کی شاندار سنچریوں کے بعد اسپنرز کی شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستان نے ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو 95 رنز سے شکست دے دی۔ کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی طور پر درست ثابت ہوا۔ ایک مرتبہ پھر ٹاپ آرڈر ناکامی سے دوچار ہوا اور کوہلی کی 47رنز کی اننگز کے باوجود ایک مرحلے پر ٹیم 102 رنز پر 4کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔ اس موقع پر لوکیش راہول کا ساتھ دینے دھونی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 164رنز کی شراکت قائم کر کے بنگلہ دیش کی ابتدائی کوششوں پر پانی پھیر دیا۔ راہول 99 گیندوں پر 4 چھکوں اور12 چکوں کی مدد سے 108 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے لیکن دوسرے سرے سے دھونی نے بہترین بیٹنگ جاری رکھی اور اپنی سنچری مکمل کی۔ سابق کپتان نے صرف 78 گیندوں پر7 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت ہندوستان نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 359 رنزبنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے روبیل حسین اور شکیب الحسن نے فی دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ ہدف کے تعاقب میں سومیا سرکار اور لٹن داس نے بنگلہ دیشی ٹیم کو49 رنزکا معقول آغاز فراہم کیا لیکن جسپریت بمراہ نے سومیا کو آؤٹ کرتے ہوئے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔ تاہم بنگلہ دیش کو اصل دھکا اس وقت لگا جب بمراہ نے اگلی ہی گیند پر شکیب الحسن کی وکٹیں بکھیر دیں۔ اس مرحلے پر لٹن داس کا ساتھ دینے سابق کپتان مشفیق الرحیم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 120رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے اسکور کو 169رنز تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر یزویندرچہل نے 73رنز بنانے والے لٹن داس کو دھونی کی مدد سے قابو کر کے اہم شراکت کا خاتمہ کردیا اور پھر اگلی ہی گیند پر محمد متھن کو بھی آؤٹ کردیا۔ محموداللہ کی اننگز صرف 9رنز پر تمام ہوئی لیکن بنگلہ دیش کی میچ جیتنے کی واحد امید اس وقت دم توڑ گئی جب مشفیق 90 رنزبنانے کے بعدکلدیب یادوکو وکٹ دے بیٹھے پوری بنگلہ دیشی ٹیم 264 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔