دھونی اورکوہلی کے بغیر آج ہند۔ونڈیز پہلا ٹی 20

کولکتہ۔3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) مستقلکپتان ویراٹ کوہلی اور تجربہ کار وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے بغیر ہندوستانی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوںکو ویسٹ انڈیز کے خلاف یہاں ایڈن گارڈن میں ہونے والے پہلے ٹوئنٹی20 مقابلے میں سخت امتحان کا سامنا ہوگا۔کوہلی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹوئنٹی20 سیریز کے لئے آرام دیا گیا ہے جبکہ سب سے تجربہ کار کھلاڑی دھونی کو سلیکٹرز نے ٹوئنٹی 20 کی ٹیم سے باہر کر دیا ہے ۔ کوہلی کو آرام دیے جانے کے بعد ٹیم کی کپتانی روہت شرما کو دی گئی ہے جن کی قیادت میں ہندستان نے اس سال ایشیا کپ جیتا ہے۔ ہندستانی ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جنہیں2020 کے ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے لئے تیار کیا جا رہا ہے ۔ اس سیریز میں تمام نگاہیں خاص طور پر نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت پر رہیں گی جو اس وقت ان منتخب ہندوستانی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو تینوں فارمیٹ میں کھیل رہے ہیں۔ پنت نے اب تک پانچ ٹسٹ، تین ونڈے اور چار ٹوئنٹی20 مقابلے کھیلے ہیں۔ ونڈے میں دھونی پر وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری رہتی ہے جبکہ پنت کو اب ٹوئنٹی20 میں یہ ذمہ داری دی گئی ہے ۔ پنت کو یہ بھی خیال رکھنا ہوگا کہ ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر دنیش کارتک بھی موجود ہیں جو خالص بیٹسمین کے طور پر کھیلیں گے ۔ ٹیم میں اس وقت وکٹ کیپر کے لئے سخت مقابلہ ہے اور کوئی بھی کھلاڑی اپنی جگہ کو آسان میں نہیں لے سکتا۔پنت کے علاوہ جن نوجوان کھلاڑیوں پر نظریں رہیں گی ان میں 23 سالہ شریس ایر اور19 سال کے واشنگٹن سندر شامل ہیں۔ ان کے علاوہ بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز ندیم کو حتمی کیارہ کھلاڑیوں میں موقع ملتا ہے یا نہیں، اس پر بھی نظریں رہیں گی۔ ندیم نے گھریلو کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کی ہے اور حال میں وجے ہزارے ٹرافی میچ میں انہوں نے آٹھ وکٹ لے کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ۔29 سالہ ندیم کی گھریلو کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی رہی ہے لیکن ٹیم میں بائیں ہاتھ کے اسپنر کے طور پر ایک آل راؤنڈر کرنال پانڈیا اور دو کلائی کے اسپنر یجویندر چہل اور کلدیپ یادو موجود ہیں، ایسے میں ندیم کو آخری کھلاڑیوں میں موقع مل پائے گا یہ ایک بڑا سوال رہے گا۔ ٹاپ آرڈر میں کپتان روہت کے ساتھ ان کے جوڑی دارشکھر دھون موجود ہیں ۔بولنگ میں جسپریت بمراھ، بھونیشور کمار، امیش یادو اور خلیل احمد موجود ہیں ۔ایڈن گارڈن وہی میدان ہے جہاں ویسٹ انڈیز نے 2016 میں ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ ویسٹ انڈیز ٹوئنٹی20 سیریز میں اسی میدان سے کامیاب شروعات کی خواہاں ہوگی۔