دھونی ، کوہلی کے درمیان دراڑ کی اطلاع غلط : شاستری

نئی دہلی ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) ’’یہ بدترین قسم کی باتوں کا بہت بڑا بوجھ ہے جو میں برداشت کررہا ہوں،‘‘ انڈین کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر روی شاستری نے آج ان الفاظ کے ساتھ مہندر سنگھ دھونی اور ویراٹ کوہلی کے درمیان خلش کی اطلاعات کو مسترد کردیا۔ شاستری نے کہا کہ دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کا نہایت احترام کرتے ہیں اور انڈین ٹیم ’’ایک دیانتدار گروپ‘‘ ہے جو ایک دوسرے کیلئے کھیلنے پر یقین رکھتا ہے۔ شاستری نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو انٹرویو میں بتایا کہ ’’یہ (دھونی اور کوہلی کے درمیان دراڑ) بہت بڑی بکواس ہے جسے میں بھگت رہا ہوں۔ یہ تو کافی دیانت دار گروپ ہے جو ایک دوسرے کیلئے کھیلنے پر ایقان رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ نے گزشتہ سال اس قدر نتائج دیکھے ، 70 فیصد میچز جیتے گئے‘‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ آپ مشاہدہ کرسکتے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کا کافی احترام کرتے ہیں۔ کوہلی نوجوان، جوشیلے اور آپ کی آنکھوں میں دیکھنے والا کھلاڑی ہے۔

وہ تجربے کے ساتھ ساتھ سیکھیں گے۔ ان کی عمر ابھی 26 سال ہے، انھیں کپتانی کے رول میں ایک دو سال سنبھلنے دیں۔ شاستری نے موجودہ او ڈی آئی کیپٹن دھونی کے بارے میں کافی اچھی رائے ظاہر کی، اور انھیں ’آل ٹائم لجنڈ‘ قرار دیا جنھوں نے اپنی شرائط پر کھیلا ہے۔ ’’دھونی تمام وقتوں کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ہیں۔ وہ کچھ اس قسم کے شخص ہیں جنھوں نے اپنی شرائط پر کھیلا۔ اس کی بہترین مثال اس سے ظاہر ہوئی جس طرح انھوں نے ٹسٹ کرکٹ چھوڑ دی۔ میں کئی کھلاڑیوں کو جانتا ہوں جو 100 ٹسٹ کا سنگ میل حاصل کرنے کو ترجیح دیئے ہوتے۔ اس سوال پر آیا نوجوان کھلاڑی جیسے اجنکیا رہانے، روہت شرما اور شکھر دھون موجودہ ٹیم میں سنبھل چکے ہیں، شاستری نے کہا کہ اُن کی بہترین کارکردگی ابھی درج ہونا باقی ہے۔ ان سے کافی توقعات وابستہ ہیں۔ تمام نوجوان ہیں اور 26 تا 28 سال کی عمر کے زمرے میں ہیں۔