دھونی ، سہواگ لندن میں چیاریٹی میچ کا حصہ ہونگے

لندن، 2 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کے او ڈی آئی کیپٹن مہندر سنگھ دھونی ہم وطن ویریندر سہواگ اور دیگر کئی انٹرنیشنل کرکٹرس کے ساتھ شامل ہوکر 17 سپٹمبر کو یہاں کیئا اوول میں منعقد شدنی چیاریٹی میچ کا حصہ بنیں گے ۔ دھونی اور سہواگ پاکستان کے شاہد آفریدی اور جنوبی افریقی اسٹار ہرشل گبس کے ساتھ ٹیم کے ڈریسنگ روم میں یکجا ہوں گے ۔ اس ٹیم کو ہلپ فار ہیروز الیون کا نام دیا گیا ہے جس کے کپتان انگلینڈ کے ڈائرکٹر آف کرکٹر اینڈریو اسٹراؤس ہوں گے اور اس کا مینجمنٹ انگلش لیجنڈ ایان بوتھم کے ذمہ رہے گا۔ یہ ٹیم ریسٹ آف دی ورلڈ الیون سے مقابلہ کرے گی جو برینڈن میککلم ، میتھیو ہیڈن ، مہیلا جیا وردھنے اور گرائم اسمتھ و دیگر کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی ۔ اس ٹیم کے کوچ گیری کرسٹن اور منیجر عظیم ہندوستانی سنیل گواسکر ہونگے۔

 

لاس اینجلس کو 2024 ء اولمپکس کیلئے قطعیت
لاس اینجلس  ، 2 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام)یو ایس اولمپک کمیٹی نے آج 2024ء گیمس کیلئے اپنی طرف سے امیدواری کے طورپر لاس اینجلس کو نامزد کردیا اور بوسٹن کی کوشش کو ختم کردیا ، اس طرح لاس اینجلس تین مرتبہ کا اولمپک میزبان بننے کے خواب دیکھنے لگا ہے ۔ یو ایس او سی کے سی ای او اسکاٹ بلیک من کی جانب سے یہ اعلان سانتا مونیکا بیچ پر گرمائی دھوپ کے درمیان ہوا، جہاں اس شہر کا منصوبہ ہے کہ بیچ والی بال کی اُسی مقام پر میزبانی کی جائے گی جہاں اس کھیل کی بنیاد رکھی گئی تھی ۔ میئر ایرک گارسیٹی نے کہا کہ اُن کا شہر ان گیمس کو امریکہ میں 28 سال میں پہلی مرتبہ واپس لانے کیلئے پرجوش ہے۔ یہ ایسی تلاش ہے جو لاس اینجلس نے شروع کی ہے ۔ یہ شہر دنیا کا عظیم ترین اسٹیج ہے ۔ قبل ازیں لاس اینجلس سٹی کونسل نے اس ضمن میں ہری جھنڈی دکھائی ۔