نئی دہلی ۔9جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی ‘ اوپنر شکھر دھون اور ویراٹ کوہلی 2013ء ای ایس پی این کرک انفو ایوارڈس کیلئے نامزد کئے گئے ہیں ۔ مذکورہ ایوارڈس 2013ء میں ٹسٹ اور ونڈے میں بہترین مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں دیئے جائیں گے اور ہندوستانی کھلاڑیوں کو کرکٹ کی دونوں طرز میں نامزد کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیںآف اسپنر روی چندرناشون کوسال بھر میں ٹسٹ کے بہترین مظاہروں کی وجہ سے اور رویندرجڈیجہ کو ونڈے میں بہترین مظاہروں کیلئے ایوارڈس کی فہرست میں نامزد کیا گیا ہے ۔ ایک آزادانہ جیوری چار مختلف زمروں میں انفرادی ایوارڈس کیلئے فاتح کھلاڑی کا انتخاب کرے گی جب کہ کرکٹ شائقین بھی اپنی رائے دہی کے ذریعہ رواں برس کرکٹ کا آغاز کرتے شاندار مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔ مختلف ایوارڈس کیلئے فاتح قرار دیئے جانے والے کھلاڑیوں کا اعلان رواں برس ممبئی میں منعقد شدنی ایک شاندار تقریب میں کیا جائے گا ۔ دھونی کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں چینائی میں بنائے جانے والے 224رنز کے عوض ٹسٹ میں
اور اسی حریف ٹیم کے خلاف موہالی میں شکست برداشت کرنے والے ونڈے میں 139رنز کی اننگز کی عوض ایوارڈس کیلئے نامزد کیا گیا ہے ۔دھون کی نامزدگی موہالی میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹسٹ میں اپنے کریئر کا آغاز کرتے ہوئے بنائے جانے والے 187رنزکے عوض عمل میں آئی ہے ۔ علاوہ ازیں جنوبی افریقہ کے خلاف چمپئنس ٹرافی کے افتتاحی مقابلہ میں 114رنز کی اننگز کی وجہ سے انہیں ونڈے کی نامزدگی میں بھی جگہ بنانے کا موقع ملا ہے ۔ جوہانسبرگ میں 119رنز کی اننگز کھیلنے والے ویراٹ کوہلی کو بھی ایوارڈس کی دوڑ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ آسٹریلیا کے خلاف جئے پور میں منعقدہ دوسرے ونڈے میں جب ہندوستانی ٹیم 360رنز کا تعاقب کررہی تھی اس موقع پر کوہلی نے 52گیندوں میں ناقابل تسخیر 100رنز کی اننگز کھیلی تھی اور اس اننگز کی وجہ سے وہ ونڈے ایوارڈ کیلئے نامزد ہوئے ہیں ۔ روہت شرما جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کے ساتویں مقابلے میں ریکارڈ 209رنز کی اننگز کھیلی تھی ‘ اس مظاہرہ کی وجہ سے وہ سال میں ونڈے کا بہترین مظاہرہ ایوارڈ کیلئے نامزد کئے گئے ہیں ۔