حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر کے علاقہ مادنا پیٹ میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب اراضی کے معاملہ میں دو گروپس آپس میں متصادم ہوگئے اور لاٹھیوں ، پتھروں اور بوتلوں سے ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے ۔ جس کے سبب کئی افراد زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دھوبی گھاٹ میں اراضی کا تنازعہ پایا جاتا ہے ۔ یہاں مشتبہ سرگرمیاں دو گروپس میں تصادم کی وجہ بن گئی ۔ نصف گھنٹے تک جاری اس لڑائی میں پولیس مبینہ طور پر خاموش تماشائی بنی رہی ۔ شہریوں نے جب پولیس کو اطلاع فراہم کی تو وہ تاخیر سے پہونچی بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساوتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ دونوں گروپس کے افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں چند افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ پولیس نے مقدمات درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سنتوش نگر مسٹر اشفاق کو فوری طور پر اے سی پی سنتوش نگر کی ذمہ داری سے ہٹادیا اور انہیں ہیڈکوارٹرس طلب کرلیا گیا ہے ۔