دھننجیا نے رچرڈزکا 30 سالہ ریکارڈ توڑدیا

نئی دہلی۔7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے دھننجیا ڈی سلوا ہندوستان کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹسٹ میچ میں ہدف کے تعاقب میں انفرادی طور پر سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے مہمان بیٹسمین بن گئے۔انہوں نے ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 119 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کے سابق بیٹسمین ویون رچرڈز کا ہندوستان میں ٹسٹ میچ میں ہدف کے تعاقب میں بڑی اننگز کھیلنے کا 30 سالہ قدیم ریکارڈ توڑ دیا۔رچرڈز نے 1987 میں ہندوستان کے خلاف چوتھی اننگز میں 109 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔سری لنکائی بیٹسمین ڈی سلوا نے ہندوستان کے خلاف دوسری اننگز میں مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ ارانہ مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری بنائی اور 119 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔اس اننگز کے ساتھ ہی دھننجیا ڈی سلوا 10 برس بعد ملک سے باہر ٹسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں سنچری بنانے والے پہلے سری لنکائی بیٹسمین بن گئے۔اس سے قبل یہ کارنامہ آخری مرتبہ 2007 میں کمار سنگاکارا نے ہوبارٹ ٹسٹ کی چوتھی اننگز میں سنچری بنا کر انجام دیا تھا۔