دھنباد۔7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے دھنباد (جھارکھنڈ) میں پارٹی امیدوار کیرتی آزاد کی تائید میں ایک روڈ شو منعقد کیا۔ شدت کی گرمی کے باوجودہزاروں لوگ بشمول خواتین دیڑھ کیلومیٹر کی گذر گاہ پر جمع تھے۔ ان میں اکثریت خواتین کی تھی جو سڑک کی دونوں جانب مٹھ کوریا چوکی سے برسا منڈا چوک تک 3 بجکر 50 منٹ تک راہول گاندھی کا انتظار کرتے رہے جو مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ تاخیر سے آئے۔ انہوں نے نعرہ بازی کرنے والے عوام کا ہاتھ لہرا کر جواب دیا۔ تاہم وہ جلسہ عام سے خطاب نہیں کرسکے، کیونکہ وقت کم تھا۔ کیرتی آزاد دھنباد سے کانگریس امیدوار ہیں اور انہوں نے مہا گٹھ بندھن کا تعاون اس جلسہ عام کے اہتمام کیلئے حاصل کیا تھا۔ کارگذار صدر دھنباد کانگریس کمیٹی رویندر ورما نے کہا کہ راہول گاندھی کا روڈ شو انتہائی کامیاب رہا۔ کانگریس کے تمام قائدین اپنے اختلافات فراموش کرکے راہول گاندھی کے روڈ شو کیلئے متحد ہوگئے تھے۔