برج ٹاؤن۔ 7 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) دنیا کے سب سے زیادہ خطرناک بلے باز ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے اپنی گھریلو ٹیم جمیکا کے لئے آخری لسٹ اے میچ کھیلتے ہوئے تابڑ توڑ سنچری بنا کر لسٹ اے کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔گیل نے سپر 50 میچ میں جمیکا کی جانب سے اپنا آخری لسٹ اے میچ کھیلا۔ انہوں نے بارباڈوس کے خلاف شاندار سنچری بناکر ٹیم کو جیت دلائی اور لسٹ اے کرکٹ کو الوداع کہا۔ گیل نے 114 گیندوں میں 10 چوکے اور 8 چھکے اڑاتے ہوئے 122 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔39 سالہ گیل کی یہ لسٹ اے میں 27 ویں سنچری تھی۔ گیل کی سنچری کے باوجود جمیکا کی ٹیم 226 رن پر آؤٹ ہو گئی، لیکن اس نے بارباڈوس کو 193 رنز پر ہی سمیٹ کر 33 رنز سے میچ جیت لیا۔ گیل نے سنچری کے علاوہ میچ میں ایک وکٹ بھی حاصل کیا۔ انہیں مین آف دی میچ بھی منتخب کیا گیا۔ویسٹ انڈیز کے افسانوی بلے باز گیل نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ یہ جمیکا کے لئے ان کا آخری لسٹ اے میچ ہو گا۔ حالانکہ انہوں نے کہا ہے کہ وہ جمیکا کے لئے ایک چار روزہ میچ میں کھیلیں گے جو ان کے ملک کیلئے ان کا آخری میچ ہوگا۔