حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر مسٹر ایس وجئے راما راجو نے کہا کہ کانگریس کے رکن اسمبلی دھرمنا پرساد راؤ کو جگن موہن ریڈی نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل کرنے سے انکار کردیا اور انہیں کانگریس پارٹی کا ٹکٹ ملنے کا بھی امکان نہیں ہے ۔ وہ 2014 کے عام انتخابات میں بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کرنے پر غور کررہے ہیں ۔ یہ افواہیں گشت کررہی تھیں کہ سابق وزیر مسٹر دھرمنا پرساد راؤ بہت جلد وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہوجائیں گے ۔ دھرمنا پرساد راو نے بھی اشاروں میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا اظہار کیا تھا تاہم آج اسمبلی کی لابی میں ریاستی وزیر مسٹر ایس وجئے راما راجو نے سنسنی خیز ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ سابق ریاستی وزیر و کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر دھرمنا پرساد راؤ اِدھر کے رہے نہ اُدھر کے ، وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر مسٹر جگن موہن ریڈی نے دھرمنا پرساد راؤ کو ٹکٹ دینے اور پارٹی میں شامل کرنے سے صاف انکار کردیا ہے ۔ دھرمنا پرساد راؤ نے جگن سے کہا تھا کہ وہ اپنے حلقہ اسمبلی میں ایک لاکھ عوام کے ساتھ بہت بڑا جلسہ عام منعقد کریں گے
لیکن جگن نے دھرمنا پرساد راو سے استفسار کیا کہ عوام میری صورت سے جلسہ عام میں شرکت کریں گے یا دھرمنا پرساد راؤ کی صورت سے شرکت کریں گے ۔ سابق ریاستی وزیر نے دونوں جماعتوں میں اپنا مقام انتہائی کمزور کرلیا ہے ۔ اب تو انہیں کانگریس پارٹی میں بھی ٹکٹ ملنے کا امکان نہیں ہے ۔ مسٹر ایس وجئے راما راجو نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا فیصلہ کرنے کے بعد سیما آندھرا میں کانگریس پارٹی انتہائی کمزور ہوگئی ہے ۔ کانگریس پارٹی ٹکٹ پر جو بھی مقابلہ کریں گے انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ وہ تلگو دیشم پارٹی یا وائی ایس آر کانگریس پارٹی دونوں میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ۔ 2014 کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی ٹکٹ پر مقابلہ کرنے کے بجائے بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کرنے پر غور کررہے ہیں ۔۔