دھرمشالہ ۔29 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ پی سی اے نے بی سی سی آئی سے اظہارتشکر کیا ہے جیسا کہ بی سی سی آئی نے اکٹوبر اور نومبر میں جنوبی افریقہ کے دورۂ ہند کے موقع پر دھرمشالہ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کو ٹوئنٹی 20 مقابلے کی میزبانی کے حقوق دیئے ہیں۔ ایچ پی سی اے سے جاری کردہ ایک صحافتی بیان میں بورڈ کے سکریٹری موہت سود نے کہا ہیکہ ہمارے میدان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹوئنٹی 20 مقابلے کی میزبانی دیئے جانے پر ہم نہ صرف مسرور ہیں بلکہ فخر بھی محسوس کررہے ہیں ۔ یاد رہے جنوبی افریقہ رواں برس اکٹوبر اور نومبر میں ہندوستان کا دورہ کررہی ہے اور اس دوران وہ میزبان ٹیم کے خلاف 4 ٹسٹ ، پانچ ونڈے اور تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی سیریز کھیلے گی ۔ تاہم مقابلوں کی تواریخ کا ہنوز اعلان نہیںہوا ہے ۔