دھرما سینا ، کیٹل برو فائنل کے امپائرس مقرر

دبئی ۔ 27 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ملبورن میں اتوار 29 مارچ کو کھیلے جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میچ کیلئے سری لنکا کے کمار دھرما سینا اور انگلینڈ کے رچرڈ کیٹل برو کو آج فیلڈ امپائرس مقرر کیا گیا ۔ آئی سی سی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’دھرماسینا اور کیٹل برو دو آن فیلڈ امپائرس ہوں گے ‘‘ ۔ دو بین تسمانیائی حریف ٹیموں کے درمیان امکانی کانٹے کے مقابلے کیلئے سری لنکا کے رنجن مدوگلے کو ریفری مقرر کیا گیا ہے ۔ آسٹریلیا نے ہندوستان کو اور نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے ۔