فرضی دستاویزات کے ذریعہ جھوٹا ثبوت ، سنٹرل کرائم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے شاطر دھوکہ باز کے ناگیشور شرما کو گرفتار کرلیا جس نے فلم ڈسٹری بیوشن کے کاروبار میں سرمایہ کاری پر دُگنا منافع کا وعدہ کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کی دھوکہ دہی کی۔ تفصیلات کے بموجب دھوکہ باز شرما نے اپنے پانچ ساتھیوں کی مدد سے فلم ڈسٹری بیوشن میں سرمایہ کاری پر معقول منافع کا وعدہ کرتے ہوئے ای سی آئی ایل کی ریٹائرڈ ملازمہ شریمتی سبھدرا دیوی سے 3 لاکھ روپئے بطور سرمایہ کاری کی رقم حاصل کی اور اندرون چند ہفتہ بھاری منافع کے تحت اس نے 6 لاکھ روپئے لوٹائی تھی۔ سبھدرا دیوی ، شرما کی اس شاطرانہ چال میں آگئی اور اس نے وقفہ وقفہ سے کروڑوں روپئے اس کے حوالے کرنا شروع کردیئے لیکن کچھ عرصہ بعد رقم کو واپس لوٹانے میں شرما ناکام ثابت ہوا۔ سبھدرا نے اپنے رشتہ داروں کی مدد سے شرما پر رقم کی وصولی کیلئے دباؤ ڈالنے لگی جس کے نتیجہ میں شرما نے ایک اور نے مبینہ طور پر شاطرانہ چال چلتے ہوئے وزارت خارجہ ، محکمہ انکم ٹیکس اور دیگر محکمہ جات کے فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ اسے حکومت کی جانب سے 156 سونے کے سکے جن کی مالیت 5 کروڑ روپئے ہے اور اس کی حصولی کیلئے اس نے سبھدرا دیوی سے مزید رقم حاصل کی ۔ کچھ دن بعد سبھدرا دیوی نے شرما کی جانب سے بڑے پیمانے پر دھوکہ دینے کا احساس ہونے کے بعد اس نے سی سی ایس پولیس سے شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کے ناگیشور شرما کو گرفتار کرلیا۔