دکانداروں کی دھوکہ دہی پر گاہک کی مدد

عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت، نیشنل کنزیومر کمیشن کا آج افتتاح

حیدرآباد 30 نومبر (سیاست نیوز) نیشنل کنزیومر کمیشن کے تلنگانہ ریاستی دفتر کا یکم ڈسمبر بروز پیر بوقت 4 بجے شام بمقام اسٹائیل ہوم اپارٹمنٹس پلاٹ نمبر 301 واقع تارناکہ سکندرآباد میں وزیر فینانس مسٹر ایٹالہ راجندر اور وزیر پروہبیشن و اکسائز مسٹر ٹی پدراما راؤ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔ اس بات کا اعلان آج یہاں چیرمین نیشنل کنزیومر رائٹس کمیشن ریاست تلنگانہ مسٹر دیاکر راؤ، وائس چیرمین مسٹر جی دشرت اور لیگل اڈوائزر مسٹر جی وینکٹ رام ریڈی نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس موقع پر چیرمین نیشنل کنزیومر کمیشن مسٹر گیوارا راؤ ایم وی ایل، ڈپٹی فلور لیڈر اسمبلی مسٹر پی سدھاکر ریڈی، صدر کنزیومر فورم و فورم لیگل اڈوائزر ضلع رنگاریڈی مسٹر گوپالا کرشنا مورتی، چیرمین پریس اکیڈیمی تلنگانہ مسٹر الم نارائنا، قومی رکن عاملہ بی جے پی مسٹر رامچندر راؤ، رکن اسمبلی ستوپلی و رکن پولیٹ بیورو تلگودیشم مسٹر ایس وینکٹ ویرایا، رکن اسمبلی اشو راؤ پیٹ وائی سی پی مسٹر ٹی وینکٹیشورلو، رکن اسمبلی اوپل مسٹر این وی ایس ایس پربھاکر، سابق وزیر مسٹر ٹی ناگیشور راؤ، سابق رکن اسمبلی و اسٹیٹ سکریٹری سی پی آئی مسٹر سی وینکٹ ریڈی، ریاستی بی جے پی قائد شریمتی اوپلا شاردا، ضلع پریشد چیرمین کھمم شریمتی جی کویتا، جنرل سکریٹری ویشیا فیڈریشن مسٹر گنجی راجا مولی گپتا کے علاوہ دیگر اہم قائدین شرکت کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ نیشنل کنزیومر رائٹس کمیشن عوام کی جانب سے کسی بھی شاپ یا دوکان پر خریدی جانے والی اشیاء میں دوکانداروں کی جانب سے دی جانے والی دھوکہ دہی کے خلاف گاہکوں کو انصاف دلانے میں بھرپور رہنمائی کرتا ہے۔ انھوں نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ جب کبھی بھی کسی بھی دوکان سے کوئی چیز خریدیں تو اس دوکان سے رسید لینا نہ بھولیں تاکہ خریدی گئی شئے میں پائے جانے والے نقص یا خرابی پر دوکانداروں کے خلاف نیشنل کنزیومر کمیشن کی جانب سے قانونی کارروائی کرتے ہوئے کنزیومر کو انصاف دلایا جائے گا۔ انھوں نے عوام سے یہ بھی خواہش کی کہ اگر انھیں کسی دوکاندار کی جانب سے اشیاء کی خریدی میں دھوکہ دیا جائے تو وہ فوری طور پر دفتر نیشنل کنزیومر کمیشن سے ربط پیدا کریں۔ اس موقع پر ریاستی نیشنل کنزیومر کمیشن تلنگانہ ارکان مسرز ڈی شیشو بابو، ایس نوین کمار، آر رمیش کمار چاری، پی نرسمہا بھی موجود تھے۔