دو ہندوستانی تاجرین کو یو اے ای کا 10 سالہ ویزا جاری

دوبئی۔22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دو ہندوستانی تاجرین یو اے ای کی ایسی پہلی شخصیت بن گئے ہیں جنہیں امارات کی طویل مدتی قیام اسکیم کے تحت 10 سالہ میعاد کا ویزا جاری کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس اسکیم کا مقصد سرمایہ کاروں اور غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل طلبہ کو راغب کرنا ہے۔ جن شخصیات کے پاسپورٹس پر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریسیڈنسی اور فارنیری افیرس (GDRFA) نے اسٹامپ لگاکر 10 سالہ میعاد کا ویزا جاری کرنے کا آغاز کیا، ان میں ریگل گروپ آف کمپنیز کے صدرنشین واسو شراف اور خوشی گروپ آف کمپنیز النصر سنیما فلم کے مینیجنگ ڈائریکٹر خوشی کھٹوانی شامل ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ 10 ویزا اسکیم کو جاریہ سال جنوری میں متعارف کیا گیا تھا اور سب سے پہلے کچھ عرب سائنس دانوں اور طبی شعبہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو یہ ویزے جاری کئے گئے تھے۔