حیدرآباد ۔ /27 مئی (سیاست نیوز) سائبر آباد حدود میں پیش آئے دو علحدہ واقعات میں دو کمسن لڑکے فوت ہوگئے ۔ ایک گھریلو الیکٹرانک اشیاء کی زد میں آگیا تو دوسرا علاقہ میں واقع تالاب میں غرق ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کمسن لڑکوں کی موت کے بعد دونوں علاقوں میں جہاں یہ رہتے تھے غمکی لہر دوڑ گئی ۔ میڑچل پولیس کے مطابق 14 سالہ سائی کما ریڈی جو میٹرچل علاقہ کے ساکن بیرا ریڈی کا بیٹا تھا ۔ /22 مئی کے دن اپنے مکان میں روزانہ کے معمول کی طرز پر سورہا تھا کہ اچانک اس کے مکان میں برقی و الیکٹرانک اشیاء کو نقصان ہوا ۔ اسی دوران ٹیلی ویژن پھٹ پڑنے کے سبب کما ریڈی شدید طور پر جھلس گیا ۔ جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ جہاں کل رات وہ علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ دوسرا واقعہ مائیلاردیو پلی پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 9 سالہ منی مقامی تالاب میں غرقاب ہوگیا ۔ منی جو طالب علم بتایا گیا ہے لکشما گوڑہ علاقہ کے ساکن سدھاکر کا بیٹا تھا ۔ کل وہ تیراکی کی غرض سے تالاب گیا تھا جو مشتبہ طور پر غرقاب ہوگیا ۔ پولیس نے اس کمسن کی نعش کو برآمد کرلیا اور مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔