دبئی ۔28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں میچ میں پشاور زلمی کے اسکواڈ میں چین سے تعلق رکھنے والے دو کھلاڑی بھی شامل ہونے کو تیار ہیں۔پشاور زلمی کے چین کے نمائندے عامرسہیل آفریدی نے کہا کہ زلمی نے جیان لی اور یونی ژینگ کی چین میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات کے تحت تربیت کی ہے۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں چینی کھلاڑیوں کی پشاورزلمی کے خیمہ میں شمولیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم انھیں اپنی صلاحیتوں کو ابھارنے اور عالمی سطح پر شناخت کے حصول کے لیے پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔خیال رہے کہ دفاعی چمپیئن پشاور زلمی یکم مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ٹکرائے گی جبکہ اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں سے ایک میں کامیابی حاصل کر کے پی ایس ایل کے ٹیموں کے جدول میں چوتھے نمبر پر موجود ہے۔