دو ماہ کے دوران شی ٹیم کو 216 شکایتوں کی وصولی

حیدرآباد ۔ /28 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس کی شی ٹیم کو جاریہ سال جنوری تا /28 فروری تک جملہ 216 شکایتیں موصول ہوئی ہیں ۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس حیدرآباد کرائم اینڈ ایس آئی ٹی شریمتی شکھاگوئل نے کہا کہ 216 درخواستوں میں 118 شکایتیں راست درخواستوں کی شکل میں موصول ہوئی ہیں جبکہ 75 شکایتیں بذریعہ واٹس اپ ، ای میل کے ذریعہ 12 ، رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے 8 ، ہاک آئی کے ذریعہ 2 اور سوشیل میڈیا اور ڈائیل 100 کے ذریعہ تین شکایتیں موصول ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 20 افر اد کو کونسلنگ کرکے چھوڑدیا گیا تھا جبکہ 12 افراد کے خلاف چھوٹی نوعیت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ 8 افراد کو عدالت نے دو دن کی جیل کی سزاء بھی سنائی تھی ۔ جن افراد کے خلاف شکایتیں موصول ہوئی تھیں اور ان کی عمر 18 سال سے زائد ہے کی کونسلنگ کی گئی تھی ۔ شکھاگوئل نے کہا کہ دو ایسے مقدمات درج کئے گئے تھے جن میں خواتین سے چھیڑ چھاڑ پر آٹو ڈرائیور محمد فہیم کو چار دن کی سزاء سنائی گئی تھی جبکہ کیشو کمار جو ہوٹل کا ملازم تھا 5 دن کی سزاء اور 500 روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ۔