دو لڑکیوں کی مختلف وجوہات پر خودکشی

حیدرآباد 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) شادی کے رشتہ ہونے میں دشواری سے ایک اور خرابی صحت سے دلبراشتہ ہوکر دو لڑکیوں نے خودکشی کرلی ۔ یہ دو علحدہ واقعات سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود کے جیڈی میٹلہ اور کوکٹ پلی پولیس اسٹیشن میں پیش آئے ۔ جیڈی میٹلہ پولیس کے مطابق 26 سالہ کے پدما جو سنجے گاندھی نگر علاقہ کے ساکن استاری کی بیٹی تھی، کل رات لڑکی نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پدما کو شادی کیلئے رشتہ تلاش کئے جارہے تھے لیکن اس لڑکی کی شادی کیلئے رشتہ طئے ہونے میں دشواریاں پیش آرہی تھیں اور تاخیر ہورہی تھی جس سے تنگ آکر اس لڑکی نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے کل رات خودکشی کرلی۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق 18 سالہ سما بالا جو دیویکا نندا نگر علاقہ کے ساکن دیوداس کی بیٹی تھی نے کل رات انتہائی اقدام کرتے ہوئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس لڑکی کی صحت چند روز سے خراب تھی اور اس نے خرابی صحت سے تنگ آکر خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔