7 گاڑیوں کو شدید نقصان۔ لاپرواہی سے ڈرائیونگ کا مقدمہ درج
حیدرآباد۔/14نومبر، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں پیش آئے دو مختلف سڑک حادثات میں 8 افراد زخمی ہوئے جبکہ 7 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ پہلا واقعہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں اسوقت پیش آیا جب سید کیحان الدین حیدر جعفری جو اپنے چھوٹے بھائی سید عمران الدین حیدر جعفری کو زیارتوں سے واپسی کے بعد شمس آباد ایر پورٹ سے لانے کیلئے گئے تھے اور مکان واپسی کے دوران سالار جنگ میوزیم کے قریب ان کی فارچیونر کار حادثہ کا شکار ہوگئی۔ اس کار میں موجود 8 افراد زخمی ہوگئے اور انہیں نامپلی کیر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی حالت خطرہ سے باہر بتائی جاتی ہے جبکہ آج دو زخمیوں کو دواخانہ سے ڈسچارج کیا گیا۔ پولیس میرچوک نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایک اور واقعہ سعیدآباد علاقہ میں اسوقت پیش آیا جب الیکشن کمیشن کے سرویلنس اسکواڈ کی گاڑیوں کی تلاشی مہم جاری تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ سعیدآباد کالونی مور سوپر مارکٹ کے روبرو الیکشن اسکواڈ کے ارکان جن میں پولیس عملہ بھی شامل تھا اچانک گاڑیوں کی تلاشی شروع کردی تھی۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے 19 سالہ محمد طلحہ ساکن سعید آباد اکبر باغ نے اپنی i20 کار کا توازن کھودیا اور اسکواڈ کی انووا گاڑی کو تیز رفتاری سے ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں جملہ 7 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ سعید آباد پولیس نے طلحہ کے خلاف لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔