حیدرآباد ۔ /24 جون (سیاست نیوز) ایل بی نگر پولیس کی اسپیشل ٹیم نے دو خطرناک عادی رہزنوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور ان کے قبضے سے 45 لاکھ مالیتی طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر زون مسٹر تفسیر اقبال نے بتایا کہ 47 سالہ میر مصطفیٰ علی ساکن نواب صاحب کنٹہ جہاں نما اپنے ساتھی 34 سالہ شیخ قیوم متوطن ضلع میرٹ اترپردیش نے حیدرآباد و سائبر آباد کے 19 پولیس اسٹیشن حدود میں 80 سے زائد رہزنی کی وارداتیں انجام دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پرتعش زندگی گزارنے کیلئے مصطفٰی علی نے خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے ایک ہی دن میں کئی وارداتیں انجام دیں تھیں ۔ رہزنی کے بعد مذکورہ ملزمین کچھ دن کیلئے روپوش ہوجاتے اور مسروقہ مال فروخت کرنے کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوجاتے ۔ پولیس ایل بی نگر نے مصطفی اور شیخ قیوم کے قبضے سے 1.5 کیلو مسروقہ طلائی زیورات جس کی مالیت 45 لاکھ بتائی جاتی ہے برآمد کرلیا اور عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا گیا ۔