دو سیاسی پارٹیوں کے حامیوں میں جھڑپ، تین زخمی

متھرا ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) موضع دولت پور کے پولنگ بوتھ کے باہر دو پارٹیوں کے حامیوں کے درمیان ہوئی جھڑپ میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ متھرا میں اس وقت رائے دہی جاری ہے جہاں بی جے پی امیدوار اور ایکٹریس ہیمامالنی کا مقابلہ موجودہ آر ایل ڈی ایم پی جینت چودھری سے ہے، جہاں 3 بجے سہ پہر تک 50 فیصد رائے دہی کی اطلاع ہے۔ گڑبڑ اس وقت شروع ہوئی جب آر ایل ڈی اور بی جے پی سے تعلق رکھنے والے دو افراد اپنے اپنے امیدواروں کی جیت کے موضوع پر بحث و تکرار کرنے لگے۔ اپنے ووٹ دینے کے بعد وہ لوگ ہاتھا پائی پر اتر آئے جس کے بعد دونوں ہی پارٹیوں کے دیگر حامی بھی جمع ہوگئے اور ایک دوسرے پر سنگباری شروع کردی۔ پولیس نے بتایا کہ سنگباری کے علاوہ دونوں جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ اسی دوران ایس ڈی ایم نے کہا کہ اب تک 12 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور پولنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔