دو سٹوں میں شکست کے باوجود فیڈرر کی شاندار کامیابی

نیویارک ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجر فیڈرر نے فرانسیسی ٹینس اسٹار جائلس موفلس کے خلاف کوارٹر فائنل مقابلہ میں 2 میچ پوائنٹس محفوظ کرتے ہوئے نہ صرف خود کو ایک حیران کن شکست سے محفوظ رکھا بلکہ شاندار واپسی کرتے ہوئے 5 سٹوں پر مشتمل اس مقابلہ میں 4-6، 3-6، 6-4، 7-5، 6-2 کی کامیابی حاصل کی۔ اس کامیابی کے بعد راجر فیڈرر اور عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ گرانڈ سلام کے ایک اور فائنل مقابلہ سے ایک قدم دور ہیں جیسا کہ کل یہاں یو ایس اوپن کے سیمی فائنل مقابلے منعقد ہوں گے جہاں فیڈرر کا مقابلہ کروشیا کے مارین سیلک سے ہوگا جوکہ گرانڈ سلام خطاب حاصل کرتے ہوئے اپنی ساکھ کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہوں گے کیونکہ ان پر 2 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ 17 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپیئن راجر فیڈرر ریکارڈ چھٹے یو ایس اوپن خطاب کا تعاقب کررہے ہیں اور وہ مارن کے خلاف 5-0 کی فتوحات کا ریکارڈ رکھتے ہیں

جس میں 2011ء کا 4 سیٹوں پر مشتمل مقابلہ اور گذشتہ ماہ ٹورنٹو میں کھیلے گئے 3 سیٹ کا مقابلہ بھی شامل ہیں۔ 25 سالہ مارن گذشتہ برس یو ایس اوپن ٹورنمنٹ میں شرکت نہیں کر پائے تھے کیونکہ ان پر ممنوعہ ادویات کے استعمال کی وجہ سے دو سالہ پابندی عائد کردی گئی تھی۔ بعدازاں اسپورٹس کی ثالثی عدالت نے ان کی سزاء میں 6 ماہ کی تخفیف کی۔ مارن آسٹریلین اوپن 2010ء میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ یہاں یو ایس اوپن میں وہ 2009 اور 2012ء میں کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ تاہم اس مرتبہ ان کیلئے گرانڈ سلام خطاب حاصل کرنا ناممکن نہیں۔ دوسری جانب راجر فیڈرر نے یہاں 2004 تا 2008ء کے دوران مسلسل 5 خطابات حاصل کئے ہیں جبکہ 2011ء کے بعد وہ پہلی مرتبہ یہاں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ 33 سالہ فیڈرر کو جولائی میں منعقدہ ومبلڈن اوپن کے فائنل میں جوکووچ کے خلاف مسابقتی اور دلچسپ 5 سیٹوں پر مشتمل مقابلہ میں قریبی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ تاہم وہ متواتر 60 ویں گرانڈ سلام میں بھی بہتر مظاہرہ کررہے ہیں۔ مارن کے خلاف کل کھیلے جانے سیمی فائنل کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ میں اس مقابلہ کیلئے پرعزم ہیں کیونکہ مارن ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور حالیہ دنوں میں خصوصاً ٹورنٹو میں ہم نے ایک مسابقتی اور قریبی مقابلہ کھیلا ہے۔

فیڈرر نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مجھے 9 میچ پوائنٹ حاصل کرنے ہوں گے تاکہ میں انہیں شکست دے سکوں۔ فیڈرر نے پہلے ہی یہاں نیویارک میں اپنے گذشتہ دو ٹورنمنٹ سے فی الحال مظاہرہ بہتر کرلئے ہیں کیونکہ 2012ء میں انہیں کوارٹر فائنل میں ٹامس برڈک کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ 12 ماہ قبل چوتھے ہی راونڈ میں انہیں ٹامی روبیریڈو نے باہر کا راستہ دکھا دیا تھا۔ ہفتہ کو حاصل ہونے والی کامیابی کا مطلب وہ 2009ء کے بعد پہلی مرتبہ یو ایس اوپن کا فائنل کھیلیں گے کیونکہ 2009ء میں انہیں اس وقت کے چمپیئن یان مارٹن ڈیل پوٹرو کے خلاف شکست ہوئی تھی۔ دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ 7 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپیئن ہیں اور وہ جاپان کے کائی نشی کوری کا سامنا کریں گے۔ دونوں کے درمیان تاحال دو مقابلے منعقد ہوچکے ہیں جس میں دونوں ہی کھلاڑیوں نے فی کس ایک کامیابی حاصل کی ہے۔