دو سالہ بچی کا تیر اندازی میں نیا ریکارڈ

وجئے واڑہ ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں ایک دو سالہ بچی نے تیراندازی میں ایک نیا قومی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ منگل کو منعقدہ مقابلے میں ریاست آندھرا پردیش کے ضلع وجئے واڑہ کی دو سالہ ڈولی شیوانی چروکری نے 200 سے زائد پوانٹس اسکور کئے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کے مطابق’انڈیا بک آف ریکارڈز‘ کے مطابق تیراندازی میں اتنے پوائنٹس بنانے والی وہ ہندوستان کی سب سے چھوٹی کھلاڑی ہے۔ مقابلے میں ڈولی نے پانچ میٹر دور نشانہ پر 36 تیر چلائے اور پھر سات میٹر دور ہدف پر بھی تیر چلا کر کل 388 پوائنٹ حاصل کئے۔ اس موقعے پر کھیلوں کے سینئر افسران اور انڈیا بک آف ریکارڈ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ آرچر اسوسی ایشن ہندوستان کی عہدہ دار گجن ابرول نے برطانوی نشریاتی ادارہ سے بات کرتے ہوئے کہا :’’ ہم سب کو ڈولی پر فخر ہے اور ہم اس سے بہت متاثر ہیں‘‘۔ اطلاعات کے مطابق سال 2010ء میں ڈولی کے بھائی اور بین الاقوامی تیر اندازی مقابلوں کے چمپئن اور کوچ لینن کی سڑک کے حادثے میں موت ہوگئی تھی اور اس کے بعد ڈولی کی پیدائش’کرائے کی کوکھ‘ کے ذریعے ہوئی تھی۔

ڈولی کے والد چروکری ستینارای کا کہنا ہے کہ ڈولی کو شروع سے ہی تیر اندزی مقابلوں کی چمپئن بننے کی تربیت دی گئی تھی۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’جب ہمیں ڈولی کی پیدائش کا معلوم ہوا تو اسی وقت ہم نے اس تیز انداز بنانے کا فیصلہ کیا۔ اور جب وہ ابھی پیٹ میں ہی تھی کہ اس کی ہم نے تیاری شروع کر دی۔‘‘ چروکری ستینارای کی وجئے واڑہ میں تیراندازی کی تربیت دینے کی اکیڈمی ہے اور ان کے مطابق ڈولی کو روزانہ دو سے تین گھنٹے تربیت دی جاتی ہے اور چونکہ اس کا تعلق تیز انداز گھرانے سے ہے اور اسی وجہ سے اس میں قدرتی صلاحیت بھی ہے۔ انھوں نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ:’’ میری بیٹی نے وہ کر دکھایا ہے جس کا ہم خواب دیکھتے تھے۔ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا کہ میرا خاندان کتنا خوش ہے۔ اب وہ کوششں کریں گے کہ ان کی بیٹی کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہو‘‘۔