حیدرآباد۔23جنوری ( سیاست نیوز) ریاست میں گولف کھیل کو فروغ دینے کیلئے گولف اسوسی ایشن آف آندھراپردیش کے زیراہتمام 24اور 25جنوری کو دو روزہ گولف ٹورنمنٹ کا ’’ بولڈر ہلز گولف اینڈ کنٹری کلب ‘‘ گچی باؤلی کورٹس پر انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ مسٹر بی بی پرساد صدر گ ولف اسوسی ایشن آف آندھراپردیش و چیف کمشنر کسٹمز اینڈ سنٹرل اکسائیز حیدرآباد کے بموجب یہ ٹورنمنٹ اسٹروک پلے کیاساس پر تین زمروں میں کھیلا جائے گا ۔ٹورنمنٹ میں 100کھلاڑی شرکت کریںگے جن میں 90 کھلاڑیوں کا آندھراپردیش سے تعلق ہے ۔ چونکہ گولف کھیل کو بھی اولمپکس کھیلوں میںشامل کیا گیا ہے ‘ اس کے پیش نظر اب گولف کھیل کو اضلاع میں بھی فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس دو روزہ ٹورنمنٹ میںچار کھلاڑیوں کو انٹرائیٹ نیشنل چمپئن شپ سال 2014ء کیلئے منتخب کیاجائے گا۔ مسٹر جی جے داسن سکریٹری اور نلینی کمار نائب صدر گولف اسوسی ایشن آف آندھراپردیش بھی موجود تھے ۔
واؤرنکا پہلی مرتبہ گرانڈ سلام فائنل میں
ملبورن ۔23جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چار مرتبہ کے آسٹریلین اوپن چمپئن نواک جوکووچ کے خلاف کوارٹر فائنل کی کامیابی کو محض اتفاق ثابت نہ کرتے ہوئے آج یہاں کھیلے گئے آسٹریلین اوپن 2014ء کے پہلے سیمی فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے ٹینس اسٹار اسٹانسلس واؤرنکا نے چیک جمہوریہ کھلاڑی ٹامس برڈک کو 6-3 ‘ 7-6(1) ‘ 6-7(3) ‘ 7-6 (4) سے شکست دیتے ہوئے کسی گرانڈ سلام کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے جہاں اتوار کو ان کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کے فاتح کھلاڑی سے ہوگا جو کل راجر فیڈرر اور رافل نڈال کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ فائنل میں واؤرنکا کے حریف کوئی بھی ہو تاہم واؤرنکا بہتر مظاہرہ کیلئے پُرعزم ہیں ‘کیونکہ نڈال کے خلاف 12مقابلوں میں انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی جب کہ فیڈرر کے خلاف 14مقابلوں میں ایک مرتبہ واؤرنکا نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ واؤرنکا نے سخت ترین مقابلے کے بعد 2010ء ومبلڈن کے فائنلسٹ برڈک کو شکست دی ۔