حیدرآباد /30 ستمبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ کالاپتھر اور مائیلاردیوپلی پولیس حدود میں پیش آئے دو علحدہ واقعات میں دو خواتین بشمول ایک لڑکی نے عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ کالاپتھر پولیس کے مطابق 19 سالہ عرفانہ تبسم جو بشارت نگر علاقہ کے ساکن عامر پاشاہ کی بیٹی تھی نے مبینہ طور پر انتہائی اقدام کرتے ہوئے عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق اس لڑکی کی شادی طئے کی گئی تھی اور لڑکی کو شادی مبینہ طور پر کرنا پسند نہیں تھا ۔ انسپکٹر کالاپتھر مسٹر رودا بھاسکر نے بتایا کہ لڑکی کو شادی پسند نہیں تھی اس کے سبب لڑکی نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ مائیلاردیوپلی پولیس کے مطابق 38 سالہ سنتوشی جو مائیلاردیوپلی علاقہ کے ساکن راجی ریڈی کی بیوی تھی یہ خاتون ذہنی طور پر معذور تھی ۔ اس خاتون کے افراد خاندان اور شوہر کو ڈاکٹرس نے پابند کیا تھا کہ وہ اس خاتون کو تنہا نہ چھوڑے تاہم کل افراد خاندان کی لاپرواہی کے نتیجہ میں خاتون نے تیسری منزل کی بلندی سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔