دو بیٹیوں کو پھانسی دینے کے بعد میاں بیوی کی خود کشی

حیدرآباد /10 اپریل ( سیاست نیوز ) رشتہ داروں کا آپسی تنازعہ ایک خاندان کی خودکشی کا سبب بن گیا ۔ یہ دلسوز واقعہ سکندرآباد کے علاقہ لالہ گوڑہ میں پیش آیا جہاں پروین کمار نے اپنی دونوں لڑکیوں کو پھانسی دینے کے بعد خود بیوی کے ساتھ پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ انسپکٹر لالہ گوڑہ مسٹر وی سرینواس ریڈی نے بتایا کہ 35 سالہ پروین کمار اپنی بیوی 29 سالہ سواتی اور دو لڑکیوں 5 سالہ درشیٹا اور 3 سالہ اشکئے کروتی کے ہمراہ رہتا تھا ۔ کل رات اس خاندان نے خودکشی کرلی ۔ دونوں میاں بیوی نے پہلے اپنی لڑکیوں کو ختم کردیا اور پھر دونوں نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق انکے مکان سے ایک خودکشی نوٹ برآمد ہوا ہے ۔ پروین کمار کی رشتہ دار خاتون نے اس کی بیوی کے ساتھ بدسلوکی کی تھی اور اس کو چپل سے مارا تھا اس واقعہ کے بعد پروین اور اسکی بیوی بے عزتی و رسوائی سے ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئے تھے ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات اور مکان سے دستیاب خودکشی نوٹ کے بعد یہ بات بتائی اور مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔