میڈریڈ ۔9جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بارسلونا کے اسٹار فٹبال کھلاڑی لیون میسی نے 59 دنوں میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے نہ صرف دو گول اسکور کئے بلکہ کوپا ڈیل رے ٹورنمنٹ کے 16ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے گیٹیف کے خلاف پہلے مرحلے کے مقابلے میں اپنی ٹیم کی 4-0کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ۔
چار مرتبہ عالمی کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے میسی کو مقابلہ کے 63ویں منٹ میں میدان میں طلب کیا گیا تھا اور اس وقت تک ہی بارسلونا نے حریف ٹیم کے خلاف 2-0کی سبقت حاصل کرلی تھی جو دراصل سیک فیبری گاس کی جانب سے بنائے جانے والے دو گولس کا نتیجہ تھا ۔ میدان پر پہنچنے کے چند منٹ بعد ہی میسی نے گول کرتے ہوئے ٹیم کی سبقت کو 3-0 کردی۔ نومبر میں میسی نے آخری مرتبہ رائیل بیٹیس کے خلاف مقابلہ کھیلا تھا جہاں ٹیم نے 4-1کی کامیابی تو حاصل کی تھی لیکن اس مقابلہ کے دوران میسی زخمی ہوئے تھے۔
انگلینڈ کے خلاف پہلا ونڈے ‘ جانسن کو آرام
سڈنی۔9جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) ایشیز سیریز میں مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کرنے والے آسٹریلیائی فاسٹ بولر میچل جانسن کو انگلینڈ کے خلاف منعقد شدنی پہلے ونڈے کیلئے آرام دیا گیا ہے ۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جانسن نے 13.97کی اوسط سے 37وکٹیں حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف اپنی ٹیم آسٹریلیا کی 5.0کی کامیابی میں غیر معمولی مظاہرہ کیا ہے ۔ دریں اثناء آسٹریلیائی کوچ ڈیرن لیہمن نے کہا ہے کہ اتوار کو ملبورن میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ونے میں جانسن ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے لیکن 17جنوری کو گبّا میں کھیلے جانے والے دوسرے مقابلے میں جانسن ٹیم کی نمائندگی کریں گے ۔
میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے آسٹریلیائی کوچ ڈیرین نے کہا کہ فاسٹ بولر کیلئے سرمائی سیزن کا ایک بڑا حصہ ہنوز باقی ہے لہذا ہم جانسن کو ایک چھوٹے وقفہ کیلئے آرام دینا چاہتے ہیں ۔ کوچ کے بموجب حریف ٹیم کے خلاف قطعی 11کھلاڑیوں میں بہترین کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ ایک طویل ٹسٹ سیریز کھیلنے کے بعد جانسن کو آرام دیا جائے ۔ کوچ نے مزید کہا کہ جانسن کی گھریلو میدان برسبین میں ضرور واپسی ہوگی لیکن اس کے ساتھ ہی کپتان مائیکل کلارک ‘ براڈ ہاڈن اور شین واٹسن کو بھی ونڈے سیریز کے دوران آرام دیا جاسکتاہے ۔