دوڈہ 7 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام)بلا رکاوٹ اور پرامن رائے دہی کو دوڈہ میں یقینی بنانے کیلئے نیم فوجی فورسس ریاستی اسمبلی انتخابات کے دوران تعینات کی جائیں گی۔ ضلع انتخابی عہدیدار دوڈہ نے کہا کہ مقامی پولیس کے علاوہ دیگر نیم فوجی فورسیس انتخابات اور ان کے کارآمد انتظامات کیلئے متحرک کردیئے گئے ہیںاور پرامن انتخابات کے انعقاد کا پروگرام طئے کیا جارہا ہے ۔ ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر ایس وی مینا نے ضلعی پولیس عہدیداروں کا ایک اجلاس طلب کیا جس میں پولیس، فوج ،سی آر پی ایف،ایس ایس بی اور علاقائی فوج کے نمائندے شریک تھے ۔ بحیثیت مجموعی صیانتی منظر کا جائزہ لیا گیا تا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے بلا رکاوٹ انعقاد کا انتظام کیا جاسکے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے خواہش کی کہ امیدواروں کی صیانت کے منصوبہ پر سختی سے عمل کیا جائے ۔ نظم و قانون کی انتخابی مہم کے دوران برقراری اور امیدواروں کی حفاظت کو ترجیح دی جائے تا کہ عوام آزادی سے جمہوری عمل میں شرکت کرسکے ۔ صیانتی نکتہ نظر سے مراکز رائے دہی کی زمرہ بندی حساس اور حسب معمول زمروں میں کی گئی ہے ۔مراکز رائے دہی کیلئے ضروری انتظامات علاقہ کی حساسیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کئے جائیں گے ۔