حیدرآباد۔/16ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سوشیل نیٹ ورکنگ میڈیا کے ذریعہ پولیس کو عوام دوست بنانے کے اقدام کے تحت ڈی جی پی تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما نے آج حیدرآباد کمشنریٹ حدود کے تمام پولیس اسٹیشنس کو فیس بک سے مربوط کردیا ہے۔ دفتر کمشنر حیدرآباد میں منعقدہ پروگرام میں مسٹر شرما نے دونوں شہروں کے 64پولیس اسٹیشنس کے فیس بک اکاؤنٹس کھولے جانے کا اعلان کیا۔ تلنگانہ پولیس کو عصری اور اسمارٹ پولیس بنانے کے تحت یہ اقدام کیا گیا ہے۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ گزشتہ ماہ گوہاٹی میں منعقدہ ڈی جی پیز کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ہندوستان کی پولیس کو ’ اسمارٹ پولیس فورس‘ میں تبدیل کرنا چاہیئے ۔ کانفرنس میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پولیس کو عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرنا چاہیئے تاکہ سائبر کرائم سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کمشنریٹ ملک کا پہلا کمشنریٹ ہے جس کے تمام پولیس اسٹیشن کے فیس بک اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سوشیل نیٹ ورکنگ سے عوام کی پولیس تک رسائی آسان ہوسکتی ہے اور اس کے کئی فائدے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر پولیس اسٹیشن حدود میں کئی مسائل ہیں جن کی عوام فیس بک کے ذریعہ پولیس کو آگاہ کیا جاسکتا ہے۔ فیس بک کے ذریعہ عوام متعلقہ اسٹیشن ہاوز آفیسر کے علاوہ سٹی پولیس عہدیداروں کو اپنے مسائل سے آگاہ کرسکتے ہیں۔ پولیس اسٹیشنس کو فیس بک سے مربوط کرنے کا اصل مقصد یہ ہے کہ عوام سے پولیس کے بہتر تعلقات اور سماج کی مختلف غیر قانونی سرگرمیوں کا بروقت پتہ لگایا جاسکے۔