حیدرآباد ۔ /18 فبروری (سیاست نیوز) اگر کوئی اجنبی شخص خود کو رئیس سیٹھ کا ملازم ظاہر کرتے ہوئے اور اسے لڑکا تولد ہونے کی خوشی میں قیمتی ساڑیاں اور نقد رقم کی تقسیم کا وعدہ کرنے والے دھوکے بازوں سے خواتین ہوشیار رہیں ۔ چونکہ دونوں شہروں میں توجہ ہٹاکر خواتین کو ٹھگنے والی ٹولی سرگرم ہے اور جاریہ ماہ میں مسلسل ٹھگنے کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کل ایک ہی دن میں تین خواتین کو توجہ ہٹاکر ان کے طلائی زیورات لوٹ لئے گئے ، سیف آباد پولیس اسٹیشن حدود میں کل صبح 8.40 کو 35 سالہ پدما ساکن لیبرٹی چوراہے سے گزررہی تھی کہ دو نامعلوم افراد اس کے پاس پہونچ کر یہ ظاہر کیا کہ وہ ایک بڑے رئیس شخص کے ملازم ہیں جو مفت میں قیمتی ساڑیاں اور روپئے بانٹ رہا ہے ۔ پدما کو دھوکے بازوں نے یہ مشورہ دیا کہ وہ اپنے قیمتی طلائی زیورات نکال کر اپنے ہینڈبیاگ میں رکھ لیں تاکہ ساڑیاں اور روپئے حاصل کرنے میں آسانی ہوسکے ۔ کچھ ہی دیر میں دھوکے بازوں نے اس کے طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا اور وہاں سے فرار ہوگئے ۔ اسی طرح صبح 11.30 بجے 60 سدگنا ساکن ضیاء گوڑہ افضل گنج سے شیرینگ آٹو میں اپنے مکان جانے کیلئے انتظار کررہی تھی کہ دو دھوکے باز اس کے پاس پہونچ کر وہی کہانی سنائی اور قیمتی ساڑیاں اور روپئے حاصل کرنے کیلئے طلائی زیورات تھیلی میں رکھ لینے کا مشورہ دیا اور ضعیف خاتون کو دھوکہ دے کر اس کے طلائی زیورات لوٹ لئے ۔
یہی ٹولی نے نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود میں شام 4 بجے 60 سالہ گورماں کے پاس پہونچکر کر اسے بھی قیمتی ساڑیاں اور روپئے بانٹنے کا وعدہ کیا بعد ازاں اس کے بھی طلائی زیورات لوٹ لئے ۔ سٹی پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے بموجب شہر میں 5 تا 6 رکنی بین ریاستی ٹولی سرگرم ہے جن کا تعلق اترپردیش یا بہار سے ہوسکتا ہے اور وہ معمر خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے خود کو رئیس شخص کے ملازم ظاہر کرتے ہوئے اپنے مالک کی جانب سے قیمتی ساڑیاں اور روپئے کی تقسیم کا جھانسہ دے کر خواتین کو ٹھگ رہی ہیں ۔ پولیس کو مذکورہ تین وارداتوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل ہوئے ہیں جن کے ذریعہ یہ پتہ لگایا ہے کہ ایک ہی ٹولی نے توجہ ہٹاکر تینوں خواتین کو دھوکہ دیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر اترپردیش و دیگر ریاستوں کیلئے یہاں کی ایک پولیس ٹیم روانہ ہوئی تاکہ دھوکہ باز ٹولی کی شناخت کی جاسکے ۔ پولیس نے عوام کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ نامعلوم افراد کی جانب سے روپئے اور قیمتی ساڑیاں تقسیم کرنے کی کہانی سناکر لوٹ لینے والے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں ۔ پولیس بشمول ٹاسک فورس دھوکے باز ٹولی کی گرفتاری کیلئے شہر میں تلاش شروع کردی ہے۔