دونوں شہروں میں آج جمعۃ الوداع ،خصوصی انتظامات

تاریخی مکہ مسجد، شاہی مسجد ِ باغ عامہ ، مسجد عزیزیہ مہدی پٹنم اور دیگر کے اطراف صفائی

حیدرآباد۔14جون(سیاست نیوز) ملک بھر میں ماہ رمضان المبارک کا آخری جمعہ 15جون کو ہوگا اور شہر حیدرآباد و سکندرآباد کی اہم مساجد میں جمعۃ الوداع کے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ تاریخی مکہ مسجد میں صلوٰۃ الجمعۃ الوداع کیلئے مختلف محکمہ جات کی جانب سے خصوصی انتظامات کی ہدایت جاری کردی گئی ہے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادنے مکہ مسجد کے علاوہ شہر کی دیگر اہم مساجد کے اطراف خصوصی صفائی کے انتظامات اور پانی کے چھڑکاؤ کی ہدایت جاری کی ہیں۔ محکمہ پولیس اور محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے تاریخی چارمینار کے اطراف کے راستوں پر تحدیدات عائد کرنے کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جمعۃ الوداع کے پیش نظر خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ملک کے بیشتر حصوں میں گذشتہ جمعہ کو امکانی جمعۃ الوداع منایا گیا تھا اور اب چاند نظر نہ آنے کے سبب جمعہ کو 30رمضان المبارک ہوگی جو کہ ماہ مقدس کا آخری جمعہ ہے۔ تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ شہر کی اہم مساجد کے اطراف محکمہ برقی و آبرسانی کی جانب سے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور محکمہ اقلیتی بہبود کی نگرانی میں تاریخی مکہ مسجد میں جمعۃ الوداع کے انتظامات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ شاہی مسجد باغ عامہ اور مسجد عزیزیہ مہدی پٹنم کے اطراف بھی خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ماہ رمضان المبار ک کے دوران کی جانے والی خصوصی عبادتوں میں جمعۃ الوداع کے موقع پر شہر کی مساجد میں بالخصوص مکہ مسجد و دیگر بڑی مساجد میں مصلیوں کی کثیر تعداد دیکھی جاتی ہے۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے اپنے ماتحتین کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جمعۃ الوداع کے موقع خصوصی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے اور تمام مساجد کے اطراف و اکناف میں خصوصی صفائی کے انتظامات کے علاوہ پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے۔