نئی دہلی۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اُن تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے حال ہی میں اختتام پذیر دولت مشترکہ کھیلوں میں تمغے حاصل کئے ہیں۔ یہ کھیل گلاسگو میں منعقد کئے گئے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے ملک کا سَر فخر سے اُونچا کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیام ِ مبارکباد میں کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کے 2014ء کے دولت مشترکہ کھیلوں میں مظاہرہ سے ملک کا سَر فخر سے اونچا ہوگیا ہے۔ مَیں تمغہ یافتگان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دولت مشترکہ کھیلوں 2014ء میں ہندوستان کو 64 تمغے حاصل ہوئے اور بین الاقوامی کھیلوں کی اس تقریب میں ہندوستان دُنیا بھر میں پانچویں مقام پر رہا۔ رنگارنگ اختتامی تقریب میں نامور گلوکار کائیلی منوگ نے نمایاں حصہ لیا۔