دولت مشترکہ گیمس ہندوستانی مینس ہاکی ٹیم گلاسگو روانہ

نئی دہلی 13 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی مینس ہاکی ٹیم آج مڈ فیلڈر سردار سنگھ کی قیادت میں گلاسگو کیلئے روانہ ہوگئی جہاں یہ ٹیم مجوزہ دولت مشترکہ گیمس میں حصہ لے گی ۔ یہ مقابلے 23 جولائی تا 3 اگسٹ منعقد ہونے والے ہیں ہندوستانی ٹیم 25 جولائی کو ویلس کے خلاف مقابلہ کریگی جس کے بعد اس کا مقابلہ میزبان اسکاٹ لینڈ سے ہوگا اور بعد میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف میچس ہونگے ۔ حال ہی میں ہندوستان کیلئے اپنا 100 واں میچ کھیلنے والے گول کیپر پی آر سری جیش کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے ۔ یہ ٹیم میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم دہلی میں گذشتہ تین ہفتوں سے مختلف انداز سے پریکٹس کرتی رہی ہے اور چیف کوچ ٹیری والش نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کے کھلاڑی پریکٹس کے دوران اختیار کی گئی حکمت عملی کے مطابق ٹورنمنٹ میں مظاہرہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم ٹورنمنٹ میں اچھی کامیابیاں حاصل کریگی ۔ ان کے خیال میں تیاری کا جو کیمپ تھا وہ بہت معاون رہا ہے اور اس کے نتیجہ میں ٹیم کی کمزوریوں کو دور کرنے میں مدد ملی ہے ۔ ٹیم پوری طرح تیار ہے اور وہ کھیل کے ہر شعبہ میں اچھا مظاہرہ کرنے بے چین ہے ۔ روانگی سے قبل کپتان سردار سنگھ نے بھی کہا کہ ہم نے اچھی محنت کی ہے اور ٹورنمنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے بے چین ہیں