طرابلس ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شام سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے پیلمائرا کے کھنڈرات میں واقع بل نامی اہم ترین معبد کا ایک حصہ تباہ کر دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے عالمی ثقافتی ادارے یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دی جانے والے ان کھنڈرات میں واقع بل نامی اس قدیم عبادت گاہ کی مزید تباہی کی خبریں عینی شاہدین اور مقامی افراد کی جانب سے ملی ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دو ہزار سال قدیم معبد کو کس حد تک نقصان پہنچایا گیا ہے لیکن مقامی افراد کا کہنا ہے کہ زوردار دھماکہ ہوا ہے۔ دولت اسلامیہ کے اس تازہ حملے کے بارے میں پیلمائرا کے ایک رہائشی نے بتایا کہ مکمل تباہی ہوچکی ہے۔ انیٹیں اور ستون زمین بوس ہو گئے ہیں۔ یہ ایسا دھماکہ تھا کہ کوئی بہرہ بھی اسے سن سکتا تھا۔ صرف عبادت گاہ کی دیوار ہی باقی بچی ہے۔