دولت اسلامیہ کے خاتمہ کیلئے پاک ۔ امریکہ مل کر کام کریں : چودھری

واشنگٹن 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں پاکستان کے نئے سفیر اعجاز چودھری نے کہا کہ دولت اسلامیہ (آئی ایس) کے افغانستان میں مضبوط گرفت بنانے سے پہلے ہی پاکستان اور امریکہ کو اس تنظیم کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔پاکستانی اخبار ‘ایکسپریس ٹربیون’ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مسٹر چودھری نے کل امید ظاہر کی کہ ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے ساتھ مکمل مثبت انداز میں تعلقات رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک گزشتہ سات دہائیوں سے مضبوط شراکت دارہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان دونوں ممالک کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ افغانستان میں آئی ایس کی گرفت مضبوط ہونے سے پہلے ہی اس کے خاتمے کے لئے متحد ہو کر کام کریں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے دونوں ممالک نے پہلے بھی ایک ساتھ مل کر کام کیا ہے ۔ہماری شراکت داری سے ہی القاعدہ کو شکست دینے میں مدد ملی۔مسٹر چودھری نے کہاکہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن اور استحکام کا ماحول بنے ۔ پہلے افغانستان میں عدم استحکام سے ہم نے بہت کچھ برداشت کیا ہے ۔
سرتاج عزیز کی افغانستان کے قومی سلامتی مشیر سے ملاقات
لندن 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے خارجی امور کے مشیر سرتاج عزیز نے افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمار سے لندن میں ملاقات کر کے پاکستانی سرزمین پر افغانی دہشت گردوں کے ذریعہ کئے جا رہے حملوں کا معاملہ اٹھایا۔پاکستانی اخبار ‘دی ڈان’ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے ان نمائندوں کے درمیان ملاقات میں پاکستانی سرزمین پر افغان دہشت گردوں کے ذریعہ کئے جا رہے حملوں کے سلسلے میں بات چیت ہوئی۔میٹنگ کی صدارت برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر سر مارک لیال گریٹ نے کی۔