بغداد ۔ 6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) عراق کی ایک عدالت نے آج ایک فرانسیسی مرد اور ایک جرمن خاتون کو دولت اسلامیہ میں گروپ سے وابستگی کی بنیاد پر عمر قید کی سزاء سنائی ہے ۔ بغداد کی سنٹرل کریمنل کورٹ 58 سالہ فرانسیسی مرد لاہسین گوبوج اور جرمن خاتون ناڈیا کو علحدہ علحدہ طورپر سزائیں سنائی ۔ یاد رہے کہ ناڈیا کی والدہ جو ایک مراقشی نژاد جرمن خاتون تھیں، کو جاریہ سال جنوری میں دولت اسلامیہ سے وابستگی کی بنیاد پر سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم بعد ازاں اُسے سزائے عمرقید میں تبدیل کردیا گیا تھا ۔ عراق میں سزائے عمرقید 20 سال پر مشتمل ہوتی ہے ۔ ماں بیٹی کو 2017ء میں موصل سے گرفتار کیا گیا تھا جو اُس زمانہ میں جہادیوں کا ’نام نہاد‘دارالحکومت تھا جہاں سے گزشتہ سال ڈسمبر میں حکومت نے دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کو نکال باہر کیا تھا ۔