بغداد ۔ 16ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) تازہ ترین رپورٹ کے مطابق عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے ساتھ 300 چینی افراد بھی شانہ بشانہ جنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ پیر کے روز ایک شامنامہ میں شائع ہوئی خبر کے مطابق مشرقی ترکستان اسلامی تحریک (ETIM) سے وابستہ چینی عسکریت پسند بذریعہ ترکی شام کا سفر کررہے ہیں تاکہ وہ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کی صف میں شامل ہوسکیں۔ بیجنگ نے مشرق وسطیٰ میں دولت اسلامیہ کے عروج اور چین کے خطہ ژنجیانگ میں اس کے مرتب ہونے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اس نے اب تک امریکہ کی قیادت والی اتحاد فوج میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا ہے جو عراق میں دہشت گرد گروپ سے نبرد آزما ہے ۔ دوسری طرف چینی عہدیدار مشرقی ترکستان اسلامی تحریک (ETIM) کو ژنجیانگ پر حملہ آور ہونے ذمہ دار قرار دے رہے ہیں جو یغور مسلمانوں کا خطہ ہے ۔