قریبی علاقہ کے اسپتال سمیت کئی عمارتیں تباہ، سرکاری ٹی وی کی تصدیق
دمشق ، 25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) شام اور عراق میں سرگرم عمل شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے جنگجوئوں نے شامی حکومت کے اہم فضائی اڈے ’طبقہ‘ پر قبضہ کر لیا ہے۔ فضائی اڈّے کے قریب جاری لڑائی میں ‘طبقہ‘ کے اسپتال سمیت کئی عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ دولت اسلامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوئوں نے صوبہ ’رقہ‘ میں بشارالاسد حکومت کے آخری مضبوط اڈے ’طبقہ‘ پر قبضہ کر لیا ہے۔ دوسری جانب شام کے سرکاری ٹیلی ویژن نے بھی اگرچہ تصدیق کی ہے کہ شامی فوجوں نے طبقہ کے فضائی اڈے سے انخلاء کر لیا تھا لیکن سرکاری ٹی وی نے یہ بھی کہا کہ اب شامی فوجوں نے خود کو دوبارہ منظم کر لیا ہے اور وہ دولت اسلامیہ پر فضائی حملے کر رہی ہیں۔ گذشتہ چند ماہ کے دوران آئی ایس یا دولتِ اسلامی اپنے دائرہ کار میں اضافہ کرتے ہوئے مشرقی شام اور شمالی عراق کے ایک بڑے حصے پر اپنا تسلط قائم کر چکی ہے۔