کولمبو۔ 12 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے لئے 19سالہ فاسٹ بولر بنورا فرنانڈو کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سری لنکا کی ٹیم میں پہلی مرتبہ شامل کئے گئے ہیں اور پاکستان کے خلاف اپنا پہلا ٹسٹ میچ کھیلیں گے جبکہ اوپنر دیمتھ کرونارتنے کو بھی ٹیم میں طلب کرلیاگیا ہے۔بنورا فرنانڈو کو زخمی نووان پرادیپ کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔نووان پرادیپ کا ٹریننگ سیشن میں ٹخنہ مڑ گیا تھا جبکہ سرنگا لکمل پہلے ہی ٹخنہکے زخم کے سبب سیریزسے باہرہوچکے ہیں۔ بنورا فرنانڈو نے فرسٹ کلاس میں کوئی میچ نہیں کھیلا تاہم انھیں کالج ٹیم اور انڈر19ٹیم کی جانب سے بہترین کارکردگی دکھانے پر اور لمبے قد کی وجہ سے ترجیح دی گئی ہے ان کا قد 6فٹ 7انچ ہے۔فرنانڈو گیند کو بڑی مہارت سے سوئنگ کرتے ہیں۔ فرنانڈو پچھلے دو سال سے سری لنکا کے اسکول کھلاڑیوں میں سرفہرست ہیں۔اوپل تھرنگا کی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل نظر آرہا ہے۔کاروتنے کو پاکستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں تھرنگا کی جگہ تیسرے مقام پر کھلایا جاسکتا ہے کیونکہ تھرنگا نے 6 اننگز میں صرف ایک نصف سنچری بنائی ہے۔