دوسرے ٹسٹ میں بھی ہندوستان کا مستحکم موقف‘روہت شرما کی نصف سنچری

کپتان کوہلی اور وردھی مان ساہا کی بھی ذمہ دارانہ بلے بازی ۔ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری اور سانٹنر کو تین تین وکٹس

کولکتہ 2 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں بھی ہندوستان کو درمیان میں مشکلات کے بعد بالآخر مستحکم موقف حاصل ہوگیا ہے ۔ مڈل آرڈر بلے باز روہت شرما نے مشکل حالات میں صبر آزما جدوجہد کے ساتھ 82 رنز اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک قابل لحاظ اسکور تک پہونچا دیا ہے اور ہندوستان نے آج تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک آٹھ وکٹس کے نقصان پر 227 رن بنالئے تھے اور اسے جملہ 339 رنوں کی سبقت حاصل ہوگئی ہے ۔ نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے پہلی اننگز کے اسکور 316 کے جواب میں صرف 204 رن بنائے تھے ۔ آج لنچ سے قبل نیوزی لینڈ کی ساری ٹیم 204 کے اسکور پر آوٹ ہوگئی تھی ۔ نیوزی لینڈ کیلئے راس ٹیلر نے 36 لیوک رونچی نے 35 اور بی جے واٹلنگ نے 25 رن بنائے تھے ۔ آخری لمحات میں جتن پٹیل نے مزاحمت کرتے ہوئے 47 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 47 رن بنائے تھے جس کے نتیجہ میں ٹیم 200 کے نشانہ کو پار کرسکی تھی ۔ ہندوستان کی جانب سے بھونیشور کمار سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 48 رنوں کے عوض پانچ وکٹس لئے تھے اور محمد سمیع کو 70 رنوں کے عوض تین وکٹس حاصل ہوئے ۔

رویندر جڈیجہ اور آر اشون کو ایک ایک وکٹ ملی ۔ ہندوستان کی دوسری اننگز کی شروعات زیادہ بہتر نہیں رہی ۔ اوپنر مرلی وجئے صرف سات رن بناکر آوٹ ہوگئے جبکہ شکھر دھون نے 17 رن بنائے تھے ۔ چتیشور پجارا صرف چار رن اور اجنکیا رہانے ایک رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔ ایک موقع پر ہندوستان کا اسکور چار وکٹس پر صرف 43 رن تھا ۔

اس موقع پر کپتان ویراٹ کوہلی نے بھی قدرے بہتر مظاہرہ کیا ۔ وہ 65 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 45 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ روہت شرما نے ایک جانب سے وکٹ سنبھالی ہوئی تھی ۔ انہوں نے 132 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 82 رنز اسکور کئے ۔ سانٹنر کی گیند پر رونچی نے ان کا کیچ لیا ۔ آر اشون صرف پانچ رن بناسکے جبکہ وردھی مان ساہا ایک جانب سے ٹیم کو سنبھالے ہوئے ہیں اور وہ 39 رن بناکر کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے تین چوکے لگائے ۔ رویندر جڈیجہ چھ رن بناکر آوٹ ہوئے اور بھونیشور کمار آٹھ رن بناکر کھیل رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری اور سانٹرنے تین تین وکٹس حاصل کئے جبکہ بولٹ کو دو وکٹس مل سکے ۔ آج میچ کا تیسرا دن تھا اور درمیان میں لڑکھڑانے کے بعد ہندوستان نے روہت شرما کی شاندار نصف سنچری اور آخر میں وردھی مان ساہان کے صبر آزما 39 رنوں کی بدولت مستحکم موقف حاصل کرلیا ہے۔ ہندوستان ٹسٹ سیریز کا پہلا میچ جیت چکا ہے۔