دوسرے و تیسرے مرحلے کے لوک سبھا انتخابات کیلئے اعلامیہ جاری

نئی دہلی۔ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ نے 9 اور 10 اپریل کو93 حلقوں میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کیلئے آج اعلامیہ جاری کردیا۔ یہ انتخابات بشمول دہلی 18 ریاستوں میں واقع 93 لوک سبھا حلقوں میں منعقد ہوں گے جس میں 9 اپریل کو پانچ ریاستوں کے 7 اور 10 اپریل کو 13 ریاستوں کے 86 حلقوں میں ہونے والے انتخابات شامل ہیں۔ بہار کے 6 لوک سبھا حلقوں میں اگرچہ 10 اپریل کو انتخابات منعقد ہوں گے، لیکن چند انتظامی وجوہات کی بناء پر 13 مارچ کو ہی اعلامیہ جاری کردیا گیا تھا۔

10 اپریل کو دہلی کے تمام سات حلقوں کے علاوہ چھتیس گڑھ کے نکسلائیٹس سے متاثرہ علاقہ بستر میں بھی اس دن ہی رائے دہی ہوگی۔ چندی گڑھ کے واحد حلقہ کی طرح ہریانہ میں تمام 10 اور کیرالا میں 20 حلقوں میں ایک ہی مرحلہ میں 10 اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ جموں و کشمیر میں جہاں صرف 5 لوک سبھا حلقے ہیں، پانچ مرحلوں میں یعنی اپریل کی 10، 17، 24، 30 اور مئی کی 7 تاریخ کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ جھارکھنڈ میں 14 کے منجملہ پانچ حلقوں میں 10 اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ اترپردیش کے 80 حلقوں میں چھ دن یعنی 10 ، 17، 24 اور 30 اپریل کے علاوہ 7 اور 12 مئی کو رائے دہی ہوگی۔ دہلی میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 22 مارچ ہوگی جبکہ 24 مارچ کو تنقیح ہوگی۔ 26 مارچ تک دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے۔ 10 اپریل کو چاندنی چوک، شمال مشرقی دہلی، مشرقی دہلی ، نئی دہلی، شمال مغربی دہلی، مغربی دہلی اور جنوبی دہلی میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔